سری لنکا ۔ مسلمانوں اور انکی املاک پر حملوں کا سلسلہ جاری ۔ کرفیو نافذ

sri lanka
16

مانیئٹرنگ ڈیسک  کولمبو:(24 گھنٹے )

Anti Muslim Riots

سری لنکا میں ایسٹر دھماکوں کے بعد مسلمانوں اور ان کی املاک پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ملک بھر میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

نجی ٹی وی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے حوالے سے خبر دی ہے کہ  سری لنکا کے  مشرقی علاقے ‘چلوا’ میں درجنوں مشتعل افراد نے مساجد اور کاروباری مراکز پر پتھراؤ کیا جب کہ ایک شخص کو سرعام تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسٹر دھماکوں کے بعد یہ بد امنی کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

سری لنکن پولیس نے ضلع ’کوراناگلا‘ میں مسلمانوں کی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایک گروہ کو حراست میں لیا ہے۔

مسلمانوں پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر حکام نے ملک بھر میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا ہے جو مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے سے سات گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

دوسری جانب ایسٹر دھماکوں کے بعد مسلمانوں کی املاک پر حملوں میں اضافے کے بعد حکام نے سوشل میڈیا پر بھی ایک بار پھر پابندی عائد کر دی ہے۔پابندی کا فیصلہ مساجد پر پتھراؤ اور مسلمان تاجروں کی دکانوں میں توڑ پھوڑ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد کیا گیا ہے۔

مقامی موبائل فون کمپنیوں کے مطابق سرکاری حکام کی جانب سے وائبر، اسنیپ چیٹ، ایمو، یوٹیوب اور انسٹا گرام سروسز عارضی طور پر بند کرنے کی ہدایات ملی تھیں جب کہ پابندی کے بعد سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک اور واٹس ایپ سروسز کو بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فیس بک پر اشتعال انگیز پوسٹ لگانے والے ایک 38 سالہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مسلم کونسل آف سری لنکا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حملوں میں مسلمانوں کی متعدد املاک اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اب تک نقصانات کا حتمی تعین نہیں کیا گیا۔

جواب چھوڑیں