Media Group,Web News Tv,Fashion Magazine, Pakistan, Webtv,livetv

اسلام آباد سمیت ملک کے چند شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

rain in lahore
33

اسلام آباد (24 گھنٹے)

Weather

دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں اور خیبرپختونخوا کے چند شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہے گا۔
اسلام آباد میں آج اب تک سب سے زیادہ بارش بوکرہ میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی صبح سویرے سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔
لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، مال روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسہ جاری ہے۔
چکوال شہر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سہانا ہوگیا۔
جہلم، مری اور گرد و نواح میں بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ منڈی بہاءالدین سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے شہر سوات اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں مزید ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

بلوچستان

دوسری جانب خاران، نوشکی، چاغی، نوکنڈی، دالبندین اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج صبح ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 16، خضدار میں 21، بارکھان اور پنجگور میں 23، سبی اور لسبیلہ میں 26، گوادر اور پسنی میں 27، دالبندین اور ژوب میں 22 جب کہ تربت میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ

دارالحکومت کراچی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے جس سے شہری پریشان ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں