Media Group,Web News Tv,Fashion Magazine, Pakistan, Webtv,livetv

کراچی: پی ٹی آئی کارکن کو دھمکی دینے پر سلمان بلوچ کے خلاف مقدمہ درج

Salman Baloch
29

کراچی(24گھنٹے)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکنِ قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف پارٹی کارکن پر اسلحہ تان لینے کا مقدمہ درج کروادیا۔

پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کے شعبے سے وابستہ احسن علوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈیفنس کے علاقے میں رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے مجھ پر اسلحہ تانتے ہوئے نازیباں الفاظ استعمال کیے اور پیچھے ہٹنے کی دھمکی دی جبکہ انہوں نے اپنی پستول کا بٹ میری گاڑی کے شیشے پر بھی مارا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے قانون ساز کالے رنگ کی ویگو گاڑی میں سوار تھے اور ان کی گاڑی کے پیچھے نمبر پیلٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔بعدِ ازاں پی ٹی آئی رہنما عمران اسمٰعیل نے وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال سے رابطہ کیا اور پورے معاملے سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ کے حکم پر پی ٹی آئی رہنما عمران اسمٰعیل کی مدعیت میں رکن قومی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں سلمان مجاہد بلوچ کو دفعہ 504 اور 506 شامل کرکے سلمان مجاہد کو نامزد کیا گیا ہے۔

سہیل انور سیال نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، کسی بھی بااثر شخص کو طاقت کے نا جائز استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے۔

بعدِ ازاں وزیر داخلہ نے ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ قومی اسمبلی کی پولیس سیکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا جبکہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) مشتاق مہر کو واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔

تحریک انصاف کے رہنما عمران اسمٰعیل نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ خود کو غنڈہ سمجھتے ہیں، کچھ عرصے قبل ایڈمنسٹریٹر کو ڈیزل نہ دینے پر دھمکیاں دی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احسن علوی کے گھر والے خوف کا شکار ہیں، میں نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کروایا ہے۔عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ ایسی سیکیورٹی واپس لی جائے جس کے بل پر عام شہریوں کو دھمکایا جاتا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کراچی میں کسی کو خوف کی فضا پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارا واقعہ اقتدار کا ڈرامہ ہے، ایسی ڈرامے بازیاں تحریک انصاف نہیں ہونے دے گی، ہم شہداء پارک نہیں بلکہ بچوں کو کھیلنے کا پارک دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما علی زیدی، عمران اسمٰعیل اور کراچی کے جنرل سیکریٹری اور رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان بھی سلمان مجاہد بلوچ کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے گزری تھانے پہنے تھے۔

اس حوالے سے جب رکنِ قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، اور سوشل میڈیا پر جس جگہ کی تصاویر دکھائی جارہی ہیں میں وہاں کل گیا ہی نہیں۔

جواب چھوڑیں