Media Group,Web News Tv,Fashion Magazine, Pakistan, Webtv,livetv

عہد ساز شاعر فیض احمد فیض کا 107واں یومِ پیدائش آج منایا جائیگا

Faiz Ahmad Faiz
27

لاہور( 24گھنٹے)

اردو کے صاحب طرز شاعر، ادیب اور معروف صحافی فیض احمد فیض کا 107 واں یومِ پیدائش 13 فروری کو منایا جائے گااور ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

فیض احمد فیض اردو شاعری کا ایسا بلند پایہ نام ہیں جس کی گونج دنیا کے بیشتر ممالک میں سنائی دیتی ہے اور دنیا بھر میں اردو شاعری کو پڑھنے اور سمجھنے والے فیض احمد فیض کی عظمت کے قائل ہیں۔فیض احمد فیض تیرہ فروری انیس سو گیارہ کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اورعربی اور انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں جس کے بعد فیض کئی کالجز میں استاد رہے اور پاک فوج میں بھی خدمات انجام دیں۔فیض احمد فیض کو اردو اور پنجابی کے علاوہ انگریزی، عربی، فارسی اور روسی زبان پر بھی عبورحاصل تھا۔1936 میں انہوں نے ترقی پسند تحریک میں شمولیت اختیار کی اور تحریک کے پہلے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔

شاعری کے ساتھ ساتھ فیض احمد فیض کئی ادبی جرائد کی ادارت کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔ فیض احمد فیض نے اپنی شاعری اور نثری تحریروں میں مظلوم انسانوں کے حق میں آواز اٹھائی اور انسان پر انسان کے جبر کو قبول کرنے سے انکار کیا جس کے نتیجے میں انہیں مخالفتوں کا سامنا بھی رہا اور قید و بند کی صعوبتیں بھی اٹھانی پڑیں۔

ان کی شاعری کے متعدد زبانوں میں ترجمے ہوئے اور کئی مشہور گلوکاروں نے ان کی غزلیں اور نظمیں گائیں۔ فیض احمد فیض کو روس کے لینن ایوارڈ سمیت متعدد عالمی اور قومی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کے مشہور شعری مجموعوں میں نسخہ ہائے وفا ، نقش فریادی ، دست صبا ، زنداں نامہ اور دست تہہ سنگ شامل ہیں،بے شک اردو ادب عہد ساز شاعر فیض پر فخر کرتا رہے گا۔

جواب چھوڑیں