لاہور۔احتساب عدالت ۔ مریم نوازکا مزید جسمانی ریمانڈ مسترد ۔ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

Maryam Nawaz
8

مانیٹئرنگ ڈیسک لاہور  :  ( 24 گھنٹے )

Accountability Court

لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان کی سربراہی میں ہوئی۔

دوران سماعت نیب حکام کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

نیب کی جانب سے تفتیشی افسر حافظ اسد اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز اور یوسف عباس سے چوہدری شوگر ملز کیس میں مزید تفتش درکار ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دوران تفتیش مریم صفدر اور یوسف عباس کے خاندان کی جائیداد کی تقسیم کے معاہدے کا انکشاف ہوا ہے، چوہدری شوگر ملز کے 1 کروڑ 45 لاکھ 58 ہزار 96 شیئرز تقسیم ہوئے۔

نیب حکام نے بتایا کہ شیئرز نواز شریف، شہباز شریف، عباس شریف، بہن کوثر اور والدہ شمیم بیگم میں تقسیم ہوئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایس ای سی پی ریکارڈ کے مطابق 2008 میں 2 کروڑ 62 لاکھ شیئرز چوہدری شوگر ملز کے تھے لیکن دوران تفتیش 1 کروڑ 16 لاکھ 96 ہزار شیئرز کا فرق آیا ہے۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ چوہدری شوگر ملز 2015 میں گوجرہ سے رحیم یار خان منتقل کی گئی، چوہدری شوگر ملز کی منتقلی کے دوران ڈیڑھ ارب روپے لگائے گئے، شوگر ملز منتقلی کے لیے خرچ ہونے والی رقم کے ذرائع آمدن کا بھی تعین کرنا باقی ہے۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب چوہدری شوگر ملز بنی اس وقت مریم نواز اور یوسف عباس کم عمر تھے، تمام شریف فیملی چوہدری شوگر ملز میں شئیر ہولڈرز تھی۔

انہوں نے کہا کہ نیب کہتی ہے کہ چوہدری شوگر ملز کی بینیفیشری نواز شریف فیملی ہے، 2016 سے نواز شریف فیملی کا چوہدری شوگر ملز میں کوئی شیئر نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جو دستاویزی ثبوت نیب کو چاہیے تھے وہ مہیا کر دیئے۔

مریم نواز کے وکیل نے بتایا کہ ان کی مؤکلہ تو پبلک آفس ہولڈر بھی نہیں تھی۔

اس دوران نیب پراسیکیوٹر اور مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر امجد پرویز نے کہا کہ آپ میرے دلائل کے درمیان مت بولیں۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مریم نواز کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ مریم نواز کی پیدائش کا سال 1973 ہے مگر تاریخ کا علم نہیں۔اس موقع پر مریم نواز نے بتایا کہ میری تاریخ پیدائش 28 اکتوبر 1973 ہے۔

احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے مریم نواز اور یوسف عباس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ مریم نواز کو آج 5ویں مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا جبکہ وہ 48 دن تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں رہی تھیں۔

جواب چھوڑیں