بلوچستان کا نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب: قدوس بزنجو نے کاغذات جمع کرادیئے

Balouchistan
26

کوئٹہ(24گھنٹے)

بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج وصول کیے جارہے ہیں۔بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک اعلامیے کے مطابق ہفتہ 13 جنوری کو صبح 10 بجے منعقد ہونے والے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا

اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی برائے انتخاب وزیراعلیٰ بلوچستان آج صبح 9 بجے تا شام 3 بجے کے دوران سیکریٹری اسمبلی کے دفتر سے حاصل کیے اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

صوبے میں نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

گذشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں نواب ثناء اللہ زہری کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے ناراض اراکین اور (ق) لیگی ارکان صوبائی اسمبلی نے نئے وزیراعلیٰ کے لیے عبدالقدوس بزنجو کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔

اس سے قبل نئے وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ممکنہ طور پر جان محمد جمالی اور صالح بھوتانی کے نام سامنے آ رہے تھے۔

تاہم جان محمد جمالی نے ناراض لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے ہمارے متفقہ امیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے نواب ثناء اللہ زہری نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل ہی وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی بلوچستان کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر کوئٹہ کا ہنگامی دورہ کیا تھا تاہم باوجود کوشش کہ (ن) لیگ کے ناراض اراکین نے وزیراعظم سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں مصنف سے زیادہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.